313

پی ٹی آئی کا ’پھسلنے‘ والے اراکین کے خلافت تحقیقات کا آغاز

پشاور۔پاکستان تحریک انصاف نے پھسلنے والے اپنے اراکین کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں اس سلسلہ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سینٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کے ایک امیدوار کی جنرل نشست پر شکست اور دیگرامیدواروں کو کم ووٹ پڑنے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک کے ساتھ رابطے کرلیا جس میں وزیراعلیٰ نے سینٹ انتخابات کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ پارٹی چیئرمین کو پیش کردی ۔

جس کے بعدپاکستان تحریک انصاف نے سینٹ الیکشن میں چمک کاشکارہونے والے اپنے اراکین کے خلاف سخت کاروائی کاعندیہ دیتے ہوئے واضح کیاہے کہ ایسے لوگوں کو کسی صورت معافی نہیں ملے گی اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ اورسپیکرصوبائی اسمبلی خودانکوائری کررہے ہیں وزیراعلیٰ کی جانب سے جو ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی ہے اس میں چاروں پینلز میں شامل ارکان کے نام اور انھیں دی جانے والی ترجیحات کے بارے میں تمام تفصیلات شامل ہیں جس پر پارٹی چیئرمین کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ اس سلسلے میں جلدازجلد انکوائری کرتے ہوئے ان ارکان کو بے نقاب کیاجائے۔

جنہوں نے اپنے ووٹ فروخت کرتے ہوئے پارٹی کے لیے بدنامی کا باعث بنے بعد ازاں مذکورہ ممبران کے نام عمران خان کو پیش کیے جائیں گے جو خو د ان ناموں کااعلان کرتے ہوئے ان کو پارٹی سے فارغ کرنے کااعلان کریں گے اس سلسلہ میں سیپیکر اسد قیصر نے میڈیا کو بتایاکہ بدقسمتی سے سیاسی جماعتیں مافیاز بن چکی ہیں اب وقت آگیاہے کہ عوا م ضمیروں کے سودے کرنے والی ان جماعتوں کے خلاف خودمیدان میں نکلیں پارٹی رہنما شوکت علی یوسفزئی نے اس بارے میں رابطے پر بتایا کہ تحقیقات جلد منطقی انجام تک پہنچائی جائیں گے جس کے بعد ان ارکان کے ناموں کی تشہیر کی جائے گی۔

جنہوں نے پارٹی کو دغا دیتے ہوئے دیگر امیدواروں کو ووٹ دیئے ۔انہوں نے کہا کہ ایسے ارکان کے صرف نام ہی منظر عام پر نہیں لائے جائیں گے بلکہ ان کے گھروں کے سامنے پی ٹی آئی ارکان احتجاجی مظاہرے بھی کرینگے تاکہ سب کو معلوم ہوسکے کہ انہوں نے کس طریقے سے پارٹی کے ساتھ غداری کی ۔