321

پاکستان کو 70 برس سے لگی بیماری ختم کرنے کا وقت آگیا، نوازشریف

گجرات: سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو گزشتہ 70 سالوں سے لگی بیماری کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے۔

ضلع گجرات کے علاقے کوٹلہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج کے جلسے سے واضح ہے کہ نواز شریف کا بیانیہ کوٹلہ سمیت پورے ملک تک پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو وزارتِ عظمیٰ اور پارٹی صدارت سے نکال دیا لیکن عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’پاکستان مسلم لیگ (ن) کو سینیٹ انتخابات سے نکال دیا گیا اور فیصلہ سنایا گیا کہ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے افراد الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے لیکن صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کے اراکین نے اس فیصلے کو بھی مسترد کردیا اور سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہی کامیاب ہوئے‘۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’مجھ پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ پارٹی کے امیدواروں کے کاغذات پر دستخط کیے گئے اس لیے (ن) لیگ کے امید وار سینیٹ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے، یوں پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر بھی نواز شریف کے دستخط ہیں، پاکستان کے ترقیات منصوبوں پر نواز شریف کے دستخط ہیں انہیں کیسے مٹایا جائے گا‘۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں، ایٹمی پروگرام، بجلی کے منصوبوں اور موٹر وے پر بھی نواز شریف کے دستخط ہیں ان منصوبوں کو بھی ختم کردیا جائے۔

نواز شریف نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئندہ حکومت بھی ملسم لیگ (ن) کی ہی آئے گی اور وہ پاکستان میں غریب عوام کو گھر فراہم کرے گی اور ان کے گھروں تک انصاف پہنچائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو 2018 کے الیکشن میں عوام کو صرف ووٹ نہیں ڈالنا بلکہ انقلاب لانا ہے اور یہ الیکشن ریفرنڈم ہونا چاہیے جس کے ذریعے اس نظام کو بھی ختم کرنا ہے جس نے عوام کی عزت نہیں کی اور ان کا خون تک چوس لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا بیانیہ ملک کے دیگر حصوں میں پہنچ رہا ہے اور عوام ووٹ کی عزت بچانے کیلئے جنگ لڑیں گے۔