283

ایف آر بنوں میں ڈینگی اور ایڈز سے بچاؤکیلئے آگاہی مہم کاآغاز

پشاور۔ایجنسی سرجن ایف آر بنوں ڈاکٹر شیرازعلی خان وزیر نے کہا ہے کہ محکمہ صحت فاٹا میں ڈینگی وائرس اور ایڈز سے بچاؤ کیلئے خصوصی آگاہی مہم چلارہا ہے جس کیلئے سکولز اور عوامی مقامات پر ان مہلک امراض سے بچاؤ کیلئے باقاعدہ ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایجنسی ایجوکیشن آفیسر ایف آر بنوں کے دفتر میں محکمہ صحت کے پیرامیڈیکس اور دیگر اہلکاروں کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحسین اللہ وزیر ، رسول نواز خان اور دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے۔ ایجنسی سرجن نے کہا کہ ڈینگی وائرس کا سبب بننے والا لاروا برسات کے موسم کے آغاز کے بعد جولائی سے نومبر کے مہینے میں پیدا ہوتاہے اور انسانی جسم پر حملہ ہوتا ہے اور گزشتہ سال پشاور سمیت مختلف مقامات پر بہت سے شہری ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے۔

اس لئے اس بار محکمہ صحت پہلے سے لاروا کی افزائش نسل کی روک تھام کیلئے کام کررہی ہے جس کیلئے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جس کے ساتھ ایجنسی سرجنز بطور سیکرٹری کام کررہے ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ پولیو اور ایچ آئی وی ایڈز کی روک تھام کیلئے حکومت کی طرف سے وسائل فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ اس سلسلے میں بیشتر آلات بھی موجود ہیں ان امراض کے تمام ٹیسٹ کرانے کیلئے سکریننگ کیمپس لگائے جائیں گے ۔