298

سینیٹ کا الوداعی اجلاس پیر سے شروع ہورہا ہے 

اسلا م آباد۔ سینیٹ (ایوان بالا)کا الوداعی اجلاس ( آج)پیرسے شروع ہو گا، جس میں اہم قانون سازی کے علاوہ مختلف امور پربحث کی جائے گی ، اجلاس میں اوور سیز پاکستانیوں کوووٹ کا حق دیئے جانے کے حوالے سے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات ،2005کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کئے گئے کاموں،اور ملکی قرضوں میں خطرناک اضافے پر بحث کرانے کی تحاریک پیش کی جائیں گی جبکہ پارلیمنٹیرینز کو ترقیاتی فنڈ ز کی فراہمی روکنے اور پبلک سیکٹر کی نوکریاں میرٹ پر دینے کے حوالے سے قراردادیں بھی پیش کی جائیں گی۔

سینیٹ سیکر ٹریٹ کی جانب سے جاری ایجنڈے کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ کا الوداعی اجلاس ( آج)پیر سے چیئرمین میاں رضا ربانی کی صدارت میں ہو گا، جس کے لئے سینیٹ سیکرٹریٹ نے 32نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا ہے ، اجلاس میں مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کی جائیں گی جبکہ پرائیویٹ ممبر ڈے کے موقع پر اپوزیشن سینیٹر ز کی جانب سے مختلف بل پیش کیئے جائیں ۔

اجلاس کے دورقان مختلف تحاریک بھئی پیش کی جائیں گی ، سینیٹر اعظم خان سواتی اوور سیز پاکستانیوں کوووٹ کا حق دیئے جانے کے حوالے سے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات پر بحث کرانے کی تحریک پیش کریں گے ، جبکہ سینیٹر طلحہ محمود 2005کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کئے گئے کاموں پر بحث کر انے کی تحریک پیش کریں گے ۔

سینیٹر چوہدری تنویر ملک میں ووکیشنل ٹریننگ کو پروموٹ کر نے کے کی ضرورت اور اہمیت پر بحث کرانے کی تحریک پیش کریں گے، جبکہ سینیٹر شیری رحمان ملکی قرضوں میں خطرناک اضافے پر بحث کرانے کی تحریک پیش کریں گی ، اجلا س میں مختلف قرار دادیں بھی پیش کی جائیں گی ، سینیٹر اعظم خان سواتی پارلیمنٹیرینز کو ترقیاتی فنڈ ز کی فراہمی روکنے کے حوالے سے قرار داد پیش کریں گے ۔

سینیٹر عثمان خان کاکڑ ، سینیٹر اعظم خان موسی خیل اور سینیٹر گل بشرہ قرارداد پیش کریں گے کہ کم ترقی یافتہ علاقوں کے لئے سی پیک فنڈ ز کا 2سے5فیصد حصہ وہاں کی سوشل ترقی کے لئے مختص کیا جائے ، جبکہ سینیٹر طاہر حسین مشہدی قرارداد پیش کریں گے کہ حکومت پبلک سیکٹر کی نوکریاں میرٹ پر فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھا ئے ۔