175

سینیٹ چیئرمین کیلئے جوڑ توڑ، بلوچستان مرکز بن گیا

 اسلام آباد: سینیٹ انتخابات کے بعد ایوان بالا کے چیئرمین کے لئے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے آزاد اور کامیاب سینیٹرز سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔

 سینیٹ انتخابات کے بعد اب سینیٹ چیئرمین کے انتخابات کے لئے جوڑتوڑ شروع ہوگیا ہے ۔ سیاسی جماعتوں نے آزاد حیثیت سے جیتنے والے سینیٹرز سے رابطے بھی شروع کردیئے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر قیوم سرمرو اور فیصل کریم کنڈی نے بلوچستان سے کامیاب ہونے والے نومنتخب آزاد امیدواروں سے ملاقات کی اور کامیابی پر مبارکباد دی اور چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں تعاون کی درخواست کی ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ رات پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر علی مدد جتک نے دونوں رہنماؤں کے ہمراہ صوبے کے وزیراعلیٰ سے بھی ملاقات کی۔

قیوم سومرو کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری کی ہدایت پر ملک بھر کے  آزاد حیثیت سے کامیاب ہونے والے امیدوارں سے ملاقاتیں اور رابطے ہوئے ہیں جن میں سے 8 سینیٹرز نے ہمارے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے بھی کامیاب ہونے والے سینیٹرز سے رابطے شروع کردیئے ہیں، پی ٹی آئی کے ترجمان جہانگیر ترین نے  بلوچستان سے آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے تمام سینیٹرز کو مبارکباد دی اور انوارالحق کاکڑ سے ٹیلفونک رابطہ کیا۔ جہانگیرترین نے احمد خان، کہدہ بابر اور صادق سنجرانی کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے پیغام دیا 

 ہے کہ بہت جلد پی ٹی آئی کا وفد بلوچستان کے کامیاب سینیٹرز سے ملاقات کرے گا جس کے لئے وقت اور مقام کا تعین کیا جارہا ہے۔