242

کارکن تیاری 2018تبدیلی کا سال ہے ٗ عمران خان

اسلام آباد۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ 2018 تبدیلی کا سال ہے کارکن بھر پور طریقے سے تیاری کریں ،کرپشن اور لاقانونیت کیخلاف فیصلہ کن معرکے کا وقت آن پہنچاہے۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت مرکزی قائدین کا اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں ملتان میٹرو سکینڈل اور فیصل سبحان کی گمشدگی سے متعلق تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے پانامہ طرزپر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ظفر حجازی جیسے کرداروں کی موجودگی میں معاملہ ایس ای سی پی یا حکومت پر نہیں چھوڑا جا سکتا،ملتان میڑو پراجیکٹ میں کی جانے والی کرپشن ، فیصل سبحان کے کردار اور اس کی گمشدگی کے بارے میں حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ملتان میٹرو پراجیکٹ میں کرپشن کی تحقیقات کے حوالے سے شہباز شریف کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں،محض ملتان میٹروہی نہیں بلکہ لاہور اسلام آباد میٹروز اور اورنج لائن ٹرین منصوبے کے معاملات کی بھی آزادانہ پڑتال کی جائے۔اجلاس میں سینٹ انتخابات کے حوالے سے ہارس ٹریڈنگ کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمان کی ساکھ کی بحالی کیلئے سینٹ انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلی وقت کی اہم ضرورت ہے۔