317

سینٹ الیکشن ٗ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی نے میدان مار لیا 

پشاور۔سینٹ کے الیکشن میں خیبر پختونخوا میں حکمرا ن جماعت پاکستان تحریک انصاف نے میدان مارتے ہوئے گیارہ میں سے پانچ نشستو ں پر کامیابی حاصل کرلی تاہم بڑے اپ سیٹ بھی سامنے آئے ہیں پی ٹی آئی کے خیال زمان ،جے یو آئی کے صوبائی امیر مولاناگل نصیب خان اور مولانا سمیع الحق ہار گئے خیبر پختونخواکی گیارہ نشستوں کے لیے کل 26امیدوار میدان میں تھے ۔

نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے پانچ پی پی پی اور ن لیگ نے دودو جبکہ جماعت اسلامی اور جے یو آئی نے ایک ایک نشست پرکامیابی حاصل کی ملک بھر میں سب سے آخری نتائج خیبر پختونخوا کے آئے جنرل نشستوں پر جے یو آئی کے طلحہ محمودنے سب سے زیادہ یعنی 19ووٹ لیے پی ٹی آئی کے فیصل جاوید نے 18،پی ٹی آئی ہی کے ایوب آفریدی نے 15.2,ووٹ حاصل کیے ن لیگ کے حمایت یافتہ آزادامیدوار پیر صابرشاہ نے 15جبکہ پی پی پی کے بہرہ مندتنگی نے بھی پندرہ ووٹ حاصل کیے۔

پی ٹی آئی ہی کے فدام محمد نے 11.8جبکہ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمدخان نے 11.3 ووٹ لے کرکامیابی اپنے نام کی جبکہ پی پی پی کے فیصل سخی بٹ اورپی ٹی آئی کے خیال زمان نے دس دس ووٹ حاصل کیے ٹیکنو کریٹ کی نشستوں پر پی ٹی آئی کے اعظم سواتی نے 46اور ن لیگ کے دلاور خان نے 42ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ جے یو آئی کے شیخ محمدیعقوب نے ستائیس اور مولانا سمیع الحق نے محض چارووٹ حاصل کیے۔

خواتین کی نشستوں پر پی ٹی آئی کی مہرتاج روغانی نے 48جبکہ پی پی پی کی ربینہ خالد نے 35ووٹ لے کرکامیابی حاصل کی جبکہ اے این پی کی شگفتہ ملک نے 31اور کیوڈبلیو پی کی انیسہ زیب نے دس ووٹ حاصل کیے ۔