157

خیبر پختونخوا اسمبلی میں ارکان کے کوٹ اتروانے پر ہنگامہ

پشاور۔خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے دوران ارکان کے کوٹ اتروانے پر تلخ کلامی اور ہنگامہ آرائی ہوگئی۔ہفتے کو خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات میں الیکشن کمیشن نے ارکان اسمبلی کو کوٹ اتار کر ووٹ ڈالنے کا حکم دیا ہے جبکہ پولنگ کے دوران اراکین اسمبلی کی تلاشی بھی لی جاتی رہی ،اس پر پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کی الیکشن کمیشن کے عملے کے ساتھ تلخ کلامی ہوگئی۔

اسپیکر اسمبلی اسد قیصر نے کوٹ پہن کر ووٹ ڈالنے کی کوشش کی تو اپوزیشن ارکان اسمبلی نے اس پر شور شرابا کیا۔ریٹرننگ افسر (آر او)نے ضیااللہ آفریدی اور نگہت اورکزئی کے اعتراض کرنے پر اسپیکر سے کوٹ اتاروادیا تو ماحول میں مزید گرمی آگئی اور پھر واسکٹ پہن کر پولنگ بوتھ جانے والے مشیر جیل خانہ جات ملک قاسم کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کوٹ اتارنے کے معاملے پر کچھ ہی دیر بعد اسمبلی میں دوبارہ ہنگامہ آرائی ہوئی جب نگہت اورکزئی اور تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل الہی کے مابین جھڑپ ہوگئی۔

نگہت اورکزئی نے کوٹ نہ اتارنے پر اعتراض کیا تو فضل الہی غصے میں آگئے اور بولے روک سکتے ہو تو روک لو کوٹ نہیں اتاروں گا لیکن الیکشن عملے کے کہنے پر فضل الہی کو کوٹ اتارنا پڑا جس کے بعد انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت ملی۔دوسری جانب پولنگ ایجنٹ کے اعتراض پر پولنگ بوتھ کیساتھ نصب خفیہ کیمرے پر ٹیپ لگاکر بند کردیا گیا۔