149

سی پیک توانائی منصوبوں کی سرمایہ کاری تھرمل منصوبوں کو منتقل 

اسلام آباد۔ چین اور پاکستان نے اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت توانائی منصوبوں میں ہونے والی سرمایہ کاری کو پانی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس فیصلے پر11110 میگاواٹ بجلی کے زیر تکمیل منصوبوں کے مکمل ہونے کے بعد عمل کیا جائیگا۔سی پیک کے تحت 17ہزار میگاواٹ سے زیادہ بجلی کے منصوبے مکمل ہونا ہیں۔تاہم اب بقیہ چھ ہزار میگا واٹ کے منصوبے آئندہ مرحلے میں پانی سے بجلی پیدا کرنے پر منتقل کردیے جائیں گے۔

منصوبہ بندی کمیشن کے ذرائع کے مطابق چین اور پاکستان نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ کہ سی پیک کے تحت17100 میگاواٹ کے منصوبے مکمل ہونا تھے۔تاہم حکومت پاکستان نے گزشتہ سال مئی میں ہی اس بات کا فیصلہ کرلیا تھا۔ کہ گیارہ ہزار ایک سو میگاواٹ کے منصوبے مکمل ہونے کے بعد بجلی کے بحران پر بڑی حد تک قابو پالیا جائیگا۔اس لیے اگلے مرحلے میں چھ ہزار میگاواٹ بجلی پانی کے ذریعے پیدا کی جائیگی۔

اسی دوران فریقین اس بات پر متفق ہوگئے کہ سی پیک انرجی پلاننگ ایکسپرٹ گروپ کی سفارشات کی روشنی میں منصوبوں کی فہرست کو حتمی شکل دی جائیگی۔اسی دوران پنجاب حکومت نے 13سو میگاواٹ کا ایل این جی منصوبہ تریموں جھنگ کا بھی انتظام کرلیا۔اس لیے پاکستان دریائے سندھ پر پانی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو ترجیح دے رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مارچ میں بیجنگ میں ایک اجلاس کے دوران ان منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔اجلاس میں بھاشا دیامر ڈیم پر بھی بات چیت کی جائیگی۔