143

ملکی خودمختاری کا سودا کئے بغیر معیشت مضبوط کی ٗ وزیراعظم 

راولپنڈی ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نامساعد حالات کے باوجود ہم نے ملکی معیشت کو ترقی دی، کہوٹہ میں ایک معیاری یونیورسٹی قائم کی جائے گی، ہم نے خدمت اور شرافت کی سیاست کو فروغ دیا ہے، نواز شریف کے خلاف عدالتی فیصلے سے کوئی اتفاق نہیں کرتا لیکن ہم نے قبول کیا، کہوٹہ ہسپتال کو معیاری بنایا جائے گا اور مزید فنڈز دیئے جائیں گے، پورے ملک میں (ن)لیگ کے ترقیاتی کام نظر آرہے ہیں، بطور وزیراعظم پہلی بار اپنے حلقے میں آیا ہوں،2018کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو عوام کامیاب کرائیں گے۔

ہفتہ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں عوام کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے میرا استقبال کیا، آپ بارش میں بھی تشریف لائے ہیں یہ آپ کی محبت ہے، کہوٹہ میرے لئے نئی جگہ نہیں ہے، میں 30سال سے آپ کے ساتھ ہوں، میں کہوٹہ کا گھر گھر جانتا ہوں، آپ کی محبت میری زندگی کا اثاثہ ہے، مجھے احساس ہے کہ آج بطور وزیراعظم پہلی دفعہ اپنے حلقے میں آیا، خوشی ہے کہ ہم نے کہوٹہ سے سلسلہ شروع کیا، مجھے یقین ہے اگلے الیکشن میں بھی نواز شریف اس حلقے سے جیتیں گے، کام صرف (ن)لیگ نے کئے ہیں، اگر سڑکیں بنیں،اسکول بنے یہ تمام کام (ن) لیگ نے کئے ہیں۔

یہ صورتحال سارے ملک کی ہے،2008میں جلسے میں نواز شریف نے وعدہ کیا جو آج پورا ہو گیا، کہوٹہ میں گیس اور بجلی آ چکی ہے، یہ وسائل ہر حکومت کے پاس تھے لیکن کام صرف (ن)لیگ نے کئے، ہم نے خدمت اور شرافت کی سیاست کو فروغ دیا ہے، یہ آپ کے ووٹوں کا نتیجہ ہے کہ نواز شریف وزیراعظم ہے لیکن عدالت کا فیصلہ قبول کیا، آپ کی محبت کا نتیجہ ہے، جس طرح نواز شریف نے ملک کی خدمت کی ہم نے اس کو آگے بڑھایا، میں نے محسوس کیا کہ تعلیم نہیں تو ترقی نہیں، میں کہوٹہ میں یونیورسٹی کا اعلان کرتا ہوں جو جلد بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ یہاں تعلیم عام ہو گی اور اگلے تین مہینوں پر کام شروع ہو گایونیورسٹی کا،آج سڑک کا افتتاح بھی کردیا ہے جو اس علاقے کی معیشت کو بدل کر رکھ دے گی، جب نواز شریف آئے تھے تو ان کے وعدے اب تک پورے کر دیئے گئے ہیں، کہوٹہ کے دونوں ہائر سکولوں کو ہائر سکینڈری بنایا جائے گا، ہماری حکومت کہوٹہ میں ہسپتال کیلئے فنڈز بھی دے گی تا کہ معیاری طبی سہولتیں عوام کو ملیں، ہیلتھ کارڈ کا سلسلہ کہوٹہ تک پھیلایا جائے گا،30سال کی ترقی آپ کے سامنے ہے اور چار سال میں ہمارا کام آپ کے سامنے ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کر دی گئی۔

گیس کے منصوبوں پر بھی کام ہورہا ہے اور ہر یونین کونسل تک گیس پہنچائی جا رہی ہے،یہ بہت بڑے منصوبے ہیں جو آپ کا حق ہے، نوجوانوں کیلئے اسٹیڈیم کا بندوبست کر دیا ہے اور مزید کھیل کے میدان بنائیں گے، شہباز شریف نے علاقے کی معیاری سڑکوں کیلئے اربوں کے فنڈز جاری کئے، فیصلہ صرف عوام کرتی ہے اور اس کے اثرات بھی نظر آتے ہیں جو منصوبے 50سال سے مکمل نہیں ہوئے تھے وہ مکمل ہو رہے ہیں۔

ملک کی معیشت مضبوط ہو تو ملک ترقی کرتا ہے، ہم نے وہ فیصلے کئے جو عشروں تک پاکستان کو ترقی دیں گے اور نوجوانوں کو روزگار ملے گا، مقامی مسائل ہم حل کررہے ہیں لیکن بجلی اور گیس کے مسائل حل کر دیئے گئے ہیں کہوٹہ کے علاقے سے، جو لوگ دور دراز سے آئے ہیں ان کا مشکور ہوں، عوام 2018میں نواز شریف کو سرخرو کرے گی اور مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرے گی۔