226

طورخم پر کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس کی ہڑتال ختم

لنڈی کوتل۔ کامیاب مذاکرات کے بعد پاک افغان بارڈر طورخم پر چار دنوں سے جاری کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ذخہ خیل اور شنواری قومی مشران اور پولیٹیکل انتظامیہ نے مذاکرات کی کامیابی اور ہڑتال ختم کرانے میں بنیادی کردار ادا کیا، ان خیالات کااظہار ذخہ خیل اور شنواری قومی مشران ملک دریا خان ، ملک خان، ملک عبدالرزاق آفریدی، ملک عبداللہ خان، ملک زادہ ابرار ، ملک زادہ افتخار، ملک زادہ ندیم خان ، ملک پرویز اور کسٹم کلئیرنگ ایجنٹوں کے نمائندوں معراج الدین شنواری، زرقیب شنواری ، یاد اللہ، شنواری، مجیب شنواری و دولت شاہ آفریدی دیگر نے لنڈیکو تل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ طورخم میں چار دنوں سے جاری ہڑتال ختم کردی گئی ہے جمعہ کے دن سے کلیئرنس کا عمل اور گاڑیوں کا آنا جانا شروع ہوگا عمائدین و دیگر نے کہا کہ مذاکرات کی کامیابی میں پولیٹیکل انتظامیہ کے اے پی اے نیاز محمد ، تحصیلدار شمس الاسلام، نائب تحصیلدار تحسین اللہ اور نائب تحصیلدار احمد علی نے اہم کردار ادا کیا اور موجود ڈیڈ لاک ختم کرنے میں تعاون کیا۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی رو سے خیبر ایجنسی کی حدود میں موجود گاڑیوں کو مینول طریقے سے کلئیر کیا جائیگا۔

آنے والی گاڑیوں کو وی باک آن لائن سسٹم سے کلئیر کیا جائیگا اور اگر کہیں وی باک سے مسئلہ پیدا ہو تو مینول طریقے سے بھی کام چلایا جائیگا اور اس فیصلے کی رو سے مقامی کلئیرنگ ایجنٹس متاثر نہیں ہونگے اور غیر مقامی افراد کو ترجیح نہیں دی جائیگی عمائدین نے کہا کہ جون کے بعد این ایل سی حکام فیز ون خالی کر دینگے اور اس میں کوئی مداخلت نہیں کرینگے جس سے خوگہ خیل قبیلے کے تحفظات دور ہو گئے ملک دریا خان نے کہا کہ وہ قومی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ تمام مسائل جرگوں کے ذریعے حل کئے جا سکتے ہیں ۔