123

فاروق ستار نے الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کردیا

اسلام آباد۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان فاروق ستار گروپ کے کنوینر فاروق ستار نے پارٹی کی سربراہی کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کر تے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ،پارٹی کے اندرونی معاملے کو الیکشن کمیشن نہیں سن سکتا،، یہ معاملہ پارٹی آئین کے مطابق حل ہونا ہے،ہماری استدعا منظور کر کے کنور نوید جمیل کی درخواست مسترد کی جائے ۔ جمعرات کو ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ کے سربراہ فاروق ستار نے نئی درخواست جمع کرادی جس میں الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا گیا ہے۔

اس سے قبل کنوینرشپ کے معاملے پر بہادرآباد اور پی آئی بی دونوں گروہوں کی جانب سے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا گیا تھا۔فاروق ستار نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ پارٹی کے اندرونی معاملے کو الیکشن کمیشن نہیں سن سکتا جب کہ سپریم کورٹ بھی الیکشن کمیشن کے اختیار سے متعلق فیصلہ دے چکی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ دونوں درخواستیں پارٹی کے اندرونی تنازع سے متعلق ہیں۔

یہ معاملہ پارٹی آئین کے مطابق حل ہونا ہے، آئین کے آرٹیکل 218 اور 220 میں الیکشن کمیشن کے اختیارات واضح ہیں۔درخواست میں اپیل کی گئی ہے کہ ہماری استدعا منظور کر کے کنور نوید جمیل کی درخواست مسترد کی جائے۔