119

خیبرپختونخو میں آئمہ کرام کے وظائف کی ادائیگی معمہ بن گئی

پشاورخیبرپختونخوا کے صوبائی محکمہ خزانہ نے علماکے لیے وظائف کی سمری پراعتراض اٹھادئیے۔نجی ٹی وی نے سرکاری ذرائع کاحوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ خزانہ نے محکمہ اوقاف کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر اعتراض کردیا۔محکمہ خزانہ نے اعتراض کیا کہ آئمہ کو پیسوں کی ادائیگی کا طریقہ کار وضع کیا جائے،بتایا جائے کہ رقوم کی ادائیگی کس طرح کی جائے گی ۔

اعتراض میں سوال اٹھائے گئے کہ ادائیگیوں کی رپورٹ کس کس محکمے کو فراہم کی جائے گی،رقوم کا آڈٹ کس طرح کیا جائے گا۔ذرائع محکمہ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ اوقاف نے آئمہ کو پیسوں کی ادائیگی کے حوالے سے محکمہ خزانہ کو سمری بھیجی تھی۔آئمہ کرام کو پیسوں کی ادائیگی سے انکار نہیں کیا بلکہ رقوم کی تقسیم کو شفاف بنانے کیلئے طریقہ کار پوچھا ہے۔محکمہ اوقاف نے صوبے بھرکی مساجد کے آئمہ کرام کو ماہانہ دس ہزار روپے دینے کی منظوری دی تھی جس کے مطابق وظائف پر سالانہ 3ارب 25کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔