258

نواز شریف کی چوہدری نثار سے راہیں جدا

اسلام آباد۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے تین دہائیوں تک ساتھ رہنے والے دیرینہ ساتھی اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے راہیں جدا کرلیں۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے منگل کو ہونے والے پارٹی کے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں چوہدری نثار کو مدعو نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق چوہدری نثار کو اجلاس میں لانے کے لئے سابق وزیراعظم کو رات گئے تک قائل کرنے کی کوشش کرتے رہے تاہم وہ اپنے فیصلے پر ڈٹے رہے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کا کہنا ہے کہ ان کے بیانیے کو عوام نے تسلیم کیا لیکن ایسا نہیں ہوسکتا کہ ان کی جماعت میں سے اس کی مخالفت ہو جبکہ چوہدری نثار علی خان نے سرعام ان کے بیانیے کی مخالفت کی تھی۔ خیال رہے کہ چوہدری نثار نے 10 فروری کو پریس کانفرنس کے دوران نواز شریف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب آپ ججز کی ذات پر تنقید کرتے ہیں تو مسئلہ گھمبیر ہوتا ہے۔