166

جلوزئی ہاوسنگ سکیم پر کام تیز کرنیکی ہدایت 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کے منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے تیزی سے اقدامات جاری ہیں تا کہ عوام اس منصوبے سے جلد مستفید ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کے سائٹ آفس کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں محکمہ ہاؤسنگ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور عمائدین بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر امجد علی نے اس موقع پر جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کے منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی طورپر جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کو وہ اس ضمن میں حائل رکاوٹوں اور مشکلات کو ان کے نوٹس میں لاتے رہیں تا کہ سکیم کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جلوزئی ہاؤ سنگ سکیم 9 ہزار کنال رقبے پر مشتمل ہے اور اس میں 8 ہزار 300 سے زائد مکانات اور سینکڑوں فلیٹس تعمیر ہونگے جبکہ کمرشل سرگرمیوں سمیت ، صحت و تعلیم اور تفریحی سہولیات کے مراکز بھی یہاں قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منصوب ے پر کام کی وہ خود بھی نگرانی کر رہے ہیں اور ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔

ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ مذکورہ سکیم میں عوام الناس کے علاوہ سرکاری ملازمین کی ایک بڑی تعدا کو بھی پلاٹ الاٹ کئے گئے ہیں اور اس کے علاوہ خپل کور ہاؤسنگ سکیم کے تحت بینک ہوم فنانس کے ذریعے مکانات بنانے کا منصوبہ بھی شروع کیا گیا ہے تا کہ سرکاری ملازمین سمیت بے گھر لوگوں کو بہتر رہائشی سہولیات میسر آ سکیں۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیاکہ زیر تعمیر سائٹ آفس پر تقریبا 13 ملین روپے لاگت آئے گی اور پشاور ماڈل ٹاؤن کے آغوش میں واقع اس سکیم کو ایکسپریس وے کے ذریعے منسلک کیا جائے گا۔