265

ڈاکٹر عاصم سمیت11 ملزان پر فرد جرم عائد

کراچی۔کراچی کی احتساب عدالت نے 17ارب روپے کرپشن کے نیب ریفرنس میں سابق وفاقی مشیر پٹرولیم اور پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم سمیت دیگر 11 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی ہے ،ملزمان نے صحت جرم قبول کرنے سے انکار کردیا ہے ،جس پرعدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا ہے ۔کراچی کی احتساب عدالت میں سوئی سدرن گیس کمپنی میں غیرقانون ٹھیکے دینے اور 17ارب روپے کی کرپشن سے متعلق نیب ریفرنس کی سماعت کے دوران عدالت نے ڈاکٹر عاصم اور دیگر 11ملزمان پر فرد جرم عائد کردی ہے ۔

اس موقع پر عدالت نے ڈاکٹر عاصم سے استفسار کیا کہ آپ پر فرد جرم عائد کررہے ہیں ،کیا آپ کو قبول ہے ۔ جس پر ڈاکٹر عاصم نے جواب دیا کہ کس چیز کو قبول کروں ؟سب جھوٹ ہے ۔اس دوران ڈاکٹر عاصم نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں مقدمے کی کاپی دی جائے تاکہ وہ فرم جرم پڑھ لیں ۔جس پر جج نے ریمارکس دئے کہ میں فرد جرم پڑھ کر سناتا ہوں ،کاپی نہیں دی جاسکتی۔

اس موقع پر ڈاکٹر عاصم نے عدالت سے درخواست کی کہ انہیں ساتھیوں سے مشاورت کیلئے مہلت دی جائے ۔جس پر عدالت نے ریمارکس دئے کہ اس مقدمے کے دوران آپ کو پہلے کافی مہلت دی جاچکی ہے ۔مزید مہلت نہیں دے سکتے۔اعدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کئے جانے کے بعد ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا ہے۔جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا ہے ۔