272

نیب نے شاہد شفیق کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کر دی

لاہور۔آشیانہ ہاوسنگ سکیم مبینہ کرپشن کیس میں گرفتار کنٹریکٹر شاہد شفیق عالم کو 5مارچ تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ‘ میڈیکل رپورٹ میں اہلیہ کی جانب سے شاہد شفیق پر تشدد کے الزامات غلط ثابت ہو گئے ۔ نیب نے بسم اللہ انجینئرنگ سروسز کے پارٹنر ملزم شاہد شفیق عالم کوایک روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعددوبارہ احتساب عدالت کے جج کے رو برو پیش کیا ۔

نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شاہد شفیق کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آشیانہ سکیم کا ٹھیکہ لینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کی نا اہلی کی وجہ سے حکومت کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، کمپنی پیراگون سٹی کی ذیلی تنظیم ہے۔ نیب نے عدالت سے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس کی ملزم کے وکیل نے مخالفت کی تاہم عدالت نے دلائل کے بعد ملزم کو مزید 7روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے 5مارچ کو دوبارہ پیش کرنے کے احکامات دئیے ۔نیب نے ملزم کی میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی تو ملزم کے وکلا ء نے اسے مسترد کرتے ہوئے تشدد کی تصاویر عدالت میں جمع کروائیں اور موقف اختیار کیا کہ میڈیکل رپورٹ اپنی منشا کے مطابق بنوائی گئی ہے ۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ تشدد کے حوالے سے بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں۔گرفتار ملزم شاہد شفیق کی میڈیکل رپورٹ منظر عام پر آ گئی۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق، پیشی کے وقت شاہد شفیق کی حالت بالکل درست تھی۔ میڈیکل رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ شاہد شفیق ذہنی اور جسمانی طور پر بالکل تندرست ہیں ان کو صرف معمولی ڈپریشن تھا۔خیال رہے ملزم کی اہلیہ نے نیب پر شاہد شفیق پر تشدد کرنے کا الزام لگایا تھا اور نیب افسران کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کرائی تھی۔