125

کوہاٹ میں بھارت سے سمگل ہونیوالامضر صحت گوشت برآمد

کوہاٹ ۔کوہاٹ پولیس نے ایک اورکامیاب کاروائی میں انڈیا سے سمگل ہونے والی مضر صحت گوشت کی بھاری کھیپ پکڑی ہے۔کاروائی شہر میں واقع مرغی منڈی میں کی گئی جسمیں دو ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔پکڑی گئی مضرصحت گوشت میں مختلف جانوروں کے دل اور کلیجی شامل ہیں ۔پولیس نے عدالتی حکم پر گوشت کو تلف کرلیا ہے۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی طرف سے عوامی شکایات پرسخت نوٹس لینے کے بعد پولیس نے شہر بھر میں مضر صحت گوشت کے خلاف جو کریک ڈاؤن شروع کررکھا ہے۔

اسکے تسلسل میں ایس ایچ او تھانہ سٹی فیاض خان نے ایک اطلاع پر بروقت کاروائی کرتے ہوئے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ شہر میں واقع مرغی منڈی پر اچانک چھاپہ مارا جہاں سوزوکی پک اپ کے ذریعے پشاور سے لائے جانیوالے مضر صحت گوشت کی ایک اور بڑی کھیپ پکڑ کر غیر قانونی سمگلنگ میں ملوث دو ملزمان حبیب اللہ سکنہ پشاور اور عمران ساکن بازید خیل کوہاٹ کو گاڑی سمیت حراست میں لے لیا۔

پکڑی گئی مضر صحت گوشت کی مجموعی وزن 500کلو گرام ہے جسمیں مختلف جانوروں کے دل اور کلیجی شامل ہیں۔پولیس نے ڈاکٹری رائے میں پکڑی گئی گوشت کو حفظان صحت کے اصولوں کے باالکل برعکس اور انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر قرار دینے کے بعد گوشت کی سمگلنگ میں ملوث زیر حراست دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ عدالتی حکم پرگوشت کو تلف کرلیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پولیس کاروائی میں پکڑا جانیوالا گوشت انڈیا سے سمگل ہوکر پاکستان منتقل ہونے کے بعد مختلف شہروں میں پہنچایا جاتا ہے جسکے خلاف کوہاٹ پولیس نے کچھ ہی دنوں کے اندر دوسری بڑی کاروائی میں سینکڑوں کلو گرام گوشت برآمد کرکے تلف کرلیا ہے جبکہ قبل ازیں بھی آٹھ سو کلو گرام مضر صحت گوشت پکڑی گئی تھی اور کاروائی میں گرفتار تین ملزمان کوقید و جرمانے کی سزا ہوچکی ہے۔