121

مدارس کے بچوں کا بھی ریاستی وسائل پرحق ہے ‘عمران خان

اسلام آباد۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مدارس کے 25لاکھ سے زائد بچے ریاستی وسائل پرحق رکھتے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ تعلیمی نظام میں مدارس کے بچوں کو معقول مقام دیا جائے، پاکستان میں حکومتیں امیروں پر وسائل خرچ کر رہی ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے جامع حقانیہ کو پیسے دینے کی بجائے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں معاونت فراہم کی، اب بھی جامع حقانیہ کو پیسے دینے کی صورت میں معاونت فراہم کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔

پیر کو عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ملاقات کی، جس میں خیبرپختونخوا میں مدارس کو قومی دھارے میں لانے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ عمران خان نے کہا کہ مدارس کے 25لاکھ سے زائد بچے ریاستی وسائل پر حق رکھتے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ تعلیمی نظام میں مدارس کے بچوں کو معقول مقام دیا جائے، پاکستان میں حکومتی امیروں پر وسائل خرچ کر رہی ہیں، غریب عوام اور ان کے بچوں کے بارے میں حکومتیں مجرمانہ طرز عمل کا اظہار کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت جامع اور مربوط حکمت عملی کے تحت مدارس اور طلبہ پر وسائل صرف کرے۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت نے جامع حقانیہ کو پیسے دینے کی بجائے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں معاونت فراہم کی، اب بھی جامع حقانیہ کو پیسے کی صورت میں معاونت فراہم کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔