115

اسحٰق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں ضمنی ریفرنس دائر

قومی احتساب بیورو (نیب) نے احتساب عدالت میں اسحٰق ڈار کے خلاف آمد سے زائد اثاثے بنانے کے زیر سماعت ریفرنس سے متعلق ضمنی ریفرنس بھی دائر کردیا۔ 

اسحٰق ڈار کے خلاف آمد سے زائد اثاثے بنانے کے حوالے سے دائر ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔

اس موقع پر نیب کی جانب سے اسحٰق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کیا گیا، جس میں تین نئے ملزمان کو شامل کیا گیا ہے۔

نیب کے جانب سے نامزد نئے ملزمان میں صدر نیشنل بینک سعید احمد، سید منصور رضا رضوی اور نعیم محمود شامل ہیں۔

خیال رہے کہ سید منصور رضا رضوی اور نعیم محمود اسحٰق ڈار کی کمپنیوں کے ڈائریکٹرز ہیں۔

نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر کیا جانے والا ضمنی ریفرنس 7 والیمز پر مشتمل ہے، اس کے علاوہ ضمنی ریفرنس میں اسحٰق ڈار اور کمپنیوں کے مزید اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں۔

نیب کے مطابق مذکورہ اکاؤنٹس سے مختلف اوقات میں 48 کروڑ 28 لاکھ روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئی جبکہ اکاؤنٹس سے 40 لاکھ ڈالر سے زائد کی بھی ٹرانزیکشن ہوئی۔

احتساب عدالت نے ضمنی ریفرنس میں نامزد تینوں ملزمان کو آئندہ سماعت پر طلب کر تے ہوئے کیس کی سماعت 28 فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔