255

نئی حلقہ بندیوں سے متعلق سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس طلب 

اسلام آباد۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس آج (پیر کو) طلب کرلیا۔رولز کے مطابق گائیڈ لائنز شائع کیے بغیر نئی حلقہ بندیوں کا مسودہ تیار کرنے پر بعض سیاسی جماعتوں نے سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے ، نئی حلقہ بندیوں کا معاملہ متنازع ہونے کاخدشہ پیدا ہو گیا۔سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس آج (پیر کو) دن ساڑھے12 بجے الیکشن کمیشن میں طلب کیا گیا ہے۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیوں کے مسودے پر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے گا۔دوسری طرف ن لیگ ، ایم کیو ایم سمیت بعض سیاسی جماعتوں نے تحفظات ظاہر کیے ہیں کہ الیکشن کمیشن نے قانون اور قواعد کے مطابق نئی حلقہ بندیوں سے متعلق گائیڈ لائنز شائع کیے بغیر نئی حلقہ بندیوں کا مسودہ کیسے تیار کر لیا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے آئندہ چند دنوں میں حلقہ بندیوں کا اعلان متوقع ہے اور اس سے قبل محض دکھاوے کے لیے مشاورتی اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتیں مشاورتی اجلاس میں بھر پور اعتراضات اٹھائیں گی اور خدشہ ہے کہ نئی حلقہ بندیوں کا معاملہ متنازع ہوجائے گا ۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق اس حوالے سے ترجمان الیکشن کمیشن سے رابطے کی کوشش مگر ان کا موبائل نمبر بند ملا۔