379

پیرا میڈیکس کا صوبہ گیر ہڑتال کا اعلان 

پشاور۔پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن نے صوبہ بھر کے تمام ہسپتالوں میں7 مارچ کو ایک روزہ ہڑتال کا اعلان کردیا۔ پشاور ڈویژن کے تمام ذیلی یونٹس احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرینگے اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال سے احتجاجی جلوس صوبائی اسمبلی کے سامنے مظاہرہ کریگا۔ایسوسی ایشن کی کابینہ کا ماہانہ اجلاس صوبائی صدر و صدر سید روئیدار شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ دسمبر 2017ء میں اعلان کر دہ احتجاجی شیڈول حکومت اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی یقین دہانی پر15جنوری تک مؤخر کیا گیا تھا ہم نے اس مدت کے بعد بھی ڈیڑھ ماہ انتظار کیا،لیکن اس دوران بعض ذمہ داران بلاوجہ ہمارے لئے نئے مسائل پیدا کر کے پیرامیڈیکل سٹاف میں بے چینی پھیلانے کی کو شش کر رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے مطالبات پیش کئے جن میں پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن لیڈی ریڈنگ ہسپتا ل کا دفتر خالی کرنے کے احکامات فوری طور پر واپس لینے ‘کوالیفائیڈپیرامیڈیکس کی محدود پرائیویٹ پریکٹس کی رجسٹریشن ‘ گریڈ 17 اور گریڈ16 میں پروموٹ ہونے والے پیرامیڈیکس کی ایڈجسٹمنٹ ‘پیرامیڈیکل درجہ چہارم ملازمین اور دیگر ہیلتھ ایمپلائز کلرکس اور کمپیوٹر آپریٹرز کو الاؤنس ‘ا نتقامی تبادلے منسوخ کرنے ‘ میڈیکل فیکلٹی میں کنٹرولر اور رجسٹرار سمیت دیگر پوسٹوں پر اہل پیرامیڈیکس کی تعیناتی اور سیکرٹری میڈیکل فیکلٹی ڈاکٹر جاوید کی تبدیلی ‘ایجنسی سرجن ایف آر پشاور کے غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لینے کے مطالبات شامل ہیں۔