247

پی آئی اے کا مختلف روٹس پر پروازیں بند ہونے کا خدشہ

پشاور۔قومی ائیر لائن میں اے ٹی آر طیاروں کے پائلٹوں کی کمی کے باعث پشاور ٗ اسلام آباد ٗ چترال کی پروازیں بندہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے پی آئی اے کے علاوہ کوئی دوسری ائیر لائن خسارے کے روٹس پر فضائی آپریشن نہیں کر رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے 7فروری کے فیصلے کے نتیجے میں پائلٹوں کی ترقی کا طریقہ کار تبدیل ہو گیا ہے جس کے بعد ائیر لائن کو اے ٹی آر طیاروں کے پائلٹوں کی کمی کا سامنا ہے پی آئی اے نے حال ہی میں22پائلٹ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا تھا جن میں دوران تربیت11 فیل ہوگئے جبکہ تربیت کی تکمیل پر تین پائلٹوں نے پی آئی اے کو چھوڑ دیا اور مزید چار پائلٹ بھی جا رہے ہیں۔

پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق اگر عدالتی حکم پر عمل کیا گیا تو پائلٹوں کی عدم دستیابی کے باعث اے ٹی آر طیاروں کی پروازیں منسوخ کرنا ہونگی جس سے پشاور چترال ، اسلام آباد چترال سمیت اندرون ملک دیگر شہروں سے فضائی آپریشن ختم ہو جائیگا جبکہ بعض بین الاقوامی پروازیں بھی بند کر دی جائیگی ۔