398

حکومت کی ناکامی کا فائدہ بیرونی طاقتیں اٹھارہی ہیں ٗ زرداری

اسلام آباد۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینزکے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سازش کے تحت پنجاب کی بیورو کریسی میں بغاوت کرائی جارہی ہے، نوازشریف اداروں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، موجودہ حکومت کی ناکامی کا فائدہ بیرونی طاقتیں اٹھا رہی ہیں،حکومت بے وقوف ہے، یہ سمجھتے ہیں کہ بیرونی طاقتیں گریٹر پنجاب بناسکتی ہیں، ایسا نہیں ہو گا اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے،پختونوں، بلوچوں اور سندھ اسکا حق نہیں دیا، صرف لاہور کو دیا ، میاں صاحب کمیشن کے بغیر کوئی کام نہیں کرتے، عالمی فورم پر بلاول بھٹو نے جس طرح پاکستان کا دفاع کیا میں بھی نہیں کرسکتا تھا۔

گرینڈ ڈائیلاگ بارے الیکشن کے بعد سوچیں گئے، سینیٹ انتخابات میں دیگر جماعتوں کے امیدوار غیر سیاسی ہیں جبہ ہمارے امیدوار سیاسی ہیں،خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات کیلئے جے یو آئی (ف)اور اے این پی سے بات چیت جاری ہے جسکا اچھا نتیجہ نکلے گا۔جمعہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آصف علی زرداری نے کہا کہ 10 بار جسٹس قیوم نے مجھے سزادی لیکن پیپلز پارٹی نے عدالتی فیصلے کو تسلیم کیا، ہم نے عدالت جاکر انصاف مانگا لیکن کوئی غیرجمہوری رویہ نہیں اپنایا، کبھی اداروں کو لڑانے کی کوشش نہیں کی، لیکن نواز شریف کی کوشش ہے کہ اداروں کو کمزور کیا جائے، ادارے ختم ہوجائیں تو ملک کمزور ہوجاتا ہے۔

پنجاب کی بیوروکریسی میں 14 سے 15 ایم این ایز کے بھائی بھتیجے ہیں، ان کی مدد سے پنجاب کی بیوروکریسی میں بغاوت کروائی جارہی ہے، ان کو ڈر ہے کہ شہباز شریف بھی چلے گئے تو ان کا کیا بنے گا،قوم کو مایوس نہیں کرنا چاہتا، ہمارے دور میں بھی ایسا وقت آتا رہا ہے، پنجاب کی بیوروکریسی میں بغاوت کرائی جا رہی ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح وہ گرفتاری سے بچ سکتے ہیں، ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی کوشش ہے کہ اداروں کو کمزور کیا جائے ،(ن)لیگ والے کہتے ہیں کہ ہمیں سینیٹ الیکشن سے نکال دیا گیا ہے، ان کے امیدوار سینیٹ الیکشن میں ہوں گے ،مگر آزاد حیثیت میں ہم نے بھی چلے جانا ہے اور انہوں نے بھی چلے جانا ہے۔

ہمارا پڑوسی بہت شاطر ہے، وہ عالمی قوتوں کے ساتھ مل کر ہم پر پابندیاں لگوا رہا ہے، مودی مسلمان ملکوں میں مندر بنوارہا ہے اور پاکستان کے خلاف ہر فورم پر اپنا اثر رسوخ استعمال کررہا ہے جب کہ ہماری نالائقی کا فائدہ بھارت اٹھارہا ہے ‘ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی شادی سے متعلق سوال پر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے میرا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے وہ تین شادیاں کریں یا چار ان کی اپنی مرضی ہے ۔مبارکباد سے متعلق سوال پر سابق صدر نے کہا کہ ہمارے ان کیساتھ اتنے بھی اچھے تعلقات نہیں ہیں کہ انہیں مبارکباد دیں۔