262

نواز شریف اپنے کرتوتوں کی وجہ سے نااہل ہوئے ٗ پرویز خٹک

نوشہرہ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ نوازشریف اپنے کرتوتوں کی وجہ سے دو بار نااہل ہوچکا ہے اور واویلا کر رہا ہے کہ مجھے کیوں نکالا۔سابق وزیر اعظم نوازشریف کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان انتہائی نازک صور تحال سے گزر رہا ہے اور پاکستان پر دہشت گر د ی کے الزامات لگ رہے ہیں۔نوازشریف اور اسحاق ڈار نے پاکستان کو اٹھاون بلین ڈالر کا مقروض بنادیا ہے اور کہتے ہیں کہ ہمیں کیوں نکالاساری دولت لوٹ کربیرون ممالک منتقل کردی۔ اے این پی کی قیادت کی بھی یہی صور ت حال ہے ایک دور میں ایز ی لوڈ کلچر اورکرپشن انتہا پر تھی ۔ معصوم شاہ نوٹوں سے بھری بوریاں کہاں لے جارہے تھے۔ اب وہ پھر عوام کو دھوکہ دینے کے لیے نئی ڈگڈگی کے ساتھ آرہے ہیں۔

عوام دھوکہ نہ کھائیں پی ٹی آئی کا جنون 2018 کے عام انتخابات میں ان تمام پارٹیوں کے اتحادوں کو چلتا کردے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویلج کونسل ڈھیری کٹی خیل میں بڑے جلسے، پیر پیائی مسکین خیل میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق کونسلر ارشاد خان کی اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن سے مستعفی ہوکر تحریک انصاف میں شمولیت کے اعلان اور تاروجبہ میں پیر سید کمال شاہ کی طرف سے اپنے مریدوں سمیت تحریک انصاف کی حمایت کے اظہار کے موقع پر منعقدہ جلسوں سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کا کا خیل، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، ضلع ناظم لیاقت خٹک، تحصیل ناظم احد خٹک اور وزیر اعلی کے صاحبزادے اسحق خٹک، پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما ملک افتاب احمد خان، نائب ناظم اشفاق خٹک، پی ٹی آئی تحصیل نوشہرہ کے صدر زر عالم خان نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے بے دریغ کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے دُنیا بھر میں پاکستان کی بد نامی ہوئی۔قومی مفاد میں فیصلہ سازی وقت کی اشد ضرورت ہے۔اس سلسلے میں مزید غفلت کی گنجائش نہیں ۔ہمیں بحیثیت قوم اپنی سوچ کو بدلنا ہو گا اور درست فیصلے کرنا ہوں گے ۔ساری جماعتیں متحد ہو کر بھی تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کر سکتیں ۔انھوں نے کہا کہ ترقیاتی کام صوبہ بھر میں جاری ہیں اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے ، عوام پر احسان نہیں ہے تاہم انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بنیادی مسئلہ عوام کو انصاف اور حقدار کو حق کی فراہمی کا ہے جس پر ماضی میں توجہ نہیں دی گئی۔

یہی وجہ ہے کہ عوام نے اداروں کی بحالی اور شفاف نظام کیلئے پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کیا۔ کیونکہ سیاسی مداخلت نے عوامی خدمت کے اداروں کو تباہ کر دیا تھا۔ ایک محدود طبقے کی خوشحالی کیلئے اداروں کو تباہ کرکے کروڑوں عوام کا جینا محال کر دیا گیا تھا۔واحد عمران خان ہے جس نے سرمایہ دار طبقے کی اجارہ داری اور غریب دشمن نظام کے خلاف آواز بلند کی اور ملک گیر سطح پر جدوجہد کا آغاز کیاجس کے ثمرات آج دیکھے جا سکتے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے تاروجبہ میں بزرگ روحانی شخصیت سید نور علی شاہ جیلانی سے ملاقات بھی کی ۔