399

ممبر شپ مہم 2ماہ تک جاری رہ سکتی ہے ٗ شاہ فرمان

پشاور۔خیبرپختونخواکے وزیر اطلاعات و آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے اور عوام کو معاشی ،سیاسی اور معاشرتی انصاف کی فراہمی کے لیے پی ٹی آئی اپنے منشور کے مطابق عملی اقدامات کررہی ہے ،اس حوالے سے ہماری جدوجہد کے مثبت نتائج برامد ہورہے ہیں اور آج کرپشن کے الزام میں ایک وزیر اعظم کا احتساب ہورہا ہے ۔وہ مردان کالج چوک میں پی ٹی آئی یوتھ اور انصاف سٹوڈنٹس فیدڑیشن کے زیر اہتمام ممبر شپ کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔

شاہ فرمان جو پی ٹی آئی پشاور ریجن کے صدر بھی ہیں نے کیمپ کا دورہ کیا اور ممبر شپ کے لیے آنے والے نوجوانوں کے رجسٹریشن فارم بھی پُر کیے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ممبر شپ مہم کے لیے کارکنوں اور عوام میں بھرپور جوش وخروش پایا جاتا ہے وہ آج پشاور ریجن کے پانچوں اضلاع میں گئے ہیں اور ہر جگہ کارکنوں اور خصوصی طور پر ہمارے نوجوانوں میں کافی جذبہ موجود ہے اور اتنی بڑی تعداد میں لوگ آرہے ہیں کہ ہمارے اندازے کے مطابق یہ مہم دو مہینے تک جاری رہ سکتی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ہم طبقاتی نظام کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں اور عوام ہماری آوازسن رہی ہے ۔

ملک میں ہماری جدوجہد اور عدلیہ کی جانب سے انصاف پر مبنی فیصلوں سے لوگوں کو اب اُمید ہوئی ہے کہ اس ملک میں تبدیلی آسکتی ہے اور کرپشن اور استحصال کا یہ نظام ختم ہونے کو ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی صورت میں عوام کو اُمید کی کرن نظر آرہی ہے ۔شاہ فرمان نے کہا کہ ممبرسازی مہم کے ذریعے ہم عوام سے رابطہ کررہے ہیں اور عوام کی طرف سے بھی بھرپور رسپانس مل رہا ہے اور اس کے ذریعے تبدیلی کا یہ عمل پورے ملک میں مکمل ہوگا اور انصاف کا بول بالا ہوگا ۔ممبر شپ کیمپ آج دن بھر جاری رہا جس کے دوران ڈیڈک چیئرمین افتخار علی مشوانی، زاہد درانی ایم پی اے ، طفیل انجم ایم پی اے ،علی محمد خان ایم این اے اور دیگر رہنماؤں نے کیمپ کا دورہ کیا اور ممبر شپ فارم پر کیے۔