حماس کے مزاحمت کاروں اور اسرائیلی فورسز کی جھڑپیں تیسرے روز بھی جاری ہیں، اسرائیل پر حماس کے حملوں میں ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد1100 ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حماس کے حملوں میں ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 1100 ہوگئی جبکہ 2 ہزار 741 اسرائیلی زخمی ہوئے ہیں۔
اس سے قبل اسرائیلی میڈیا نے حماس کے حملوں میں 800 سے زائد اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔
اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق 2200 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں سے 343 شدید زخمی ہیں اور 22 کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔
رپورٹ کے مطابق 130اسرائیلی فوجی اور شہری غزہ میں قید ہیں، حماس کا کہنا ہےکہ غزہ پر اسرائیلی حملوں میں چار اسرائیلی مغوی بھی ہلاک ہوگئے۔
آج بھی غزہ سے اسرائیلی شہر ایشکلون پر تقریباً 100 راکٹ داغےگئے جن میں سے کچھ نے ہدف کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوجی ترجمان نے اعتراف کیا ہےکہ حالات کنٹرول کرنے میں توقع سے زیادہ وقت لگ رہا ہے، حماس کا حملہ امریکا میں میں ہونے والے نائن الیون کے حملے جیسا تھا۔
دوسری جانب اسرائیل میں تل ابیب سمیت مختلف علاقوں میں شہریوں نے خوراک ذخیرہ کرنا شروع کردی ہے۔
ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج آئرن ڈوم سسٹم سے لیس کچھ یونٹوں کو گولہ بارود فراہم نہیں کر رہی، اسرائیلی فوج کے پاس گائیڈڈ اینٹی ائیر کرافٹ میزائل محدود تعداد میں ہیں، اسرائیلی فوج غزہ سے قریب ایشکلون، اشدد اور سدیرات شہروں پر اسی وجہ سے راکٹ حملے روکنے میں ناکام رہی۔