غزہ: حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد اسرائیل کی غزہ پر بمباری کے سبب 12 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس کے اسرائیل پر حملے بعد اسرائیل نے غزہ پر بمباری شروع کردی، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے راکٹ حملوں کے جواب میں غزہ میں حماس کے اہداف پر جوابی فضائی حملے کیے ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ جوابی حملوں میں کم ازکم 12 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی سیکیورٹی کابینہ کا اجلاس مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ہوگا اور آئی ڈی ایف نے حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم حالتِ جنگ میں ہیں‘ اسرائیل کے وزیر دفاع یواو گیلنٹ نے کہا ہے کہ حماس نے ’ایک سنگین غلطی‘ کی ہے اور یہ کہ ’اسرائیل کی ریاست یہ جنگ جیت جائے گی‘۔
واضح رہے کہ رواں سال اسرائیل کے مظالم کے نتیجے میں جنوری سے اب تک تاحال 250 سے زائد مظلوم فلسطینی باشندے شہید ہوچکے ہیں جبکہ آج کی شہادتیں علیحدہ ہیں۔