192

میموگیٹ کیس‘ حسین حقانی کے وارنٹ گرفتاری جاری 

اسلام آباد۔ سپریم کورٹ نے امریکہ میں مقیم پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، وارنٹ گرفتاری حلف کی خلاف ورزی پر جاری کئے گئے، ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے عدالت کو بتایا کہ ریڈ وارنٹ جاری کرنے کیلئے انٹرپول کو خط لکھ دیا ہے۔ جمعرات کوچیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے میموگیٹ کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیس کے سلسلے میں کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے)بشیر میمن نے عدالت عظمی کو آگاہ کیا کہ حسین حقانی کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کرتے ہوئے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے لیے انٹرپول کو خط لکھ دیا ہے۔سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے اپنے تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ حسین حقانی نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی، لہذا ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔