13

نگران وزیرِ اعظم کے حج 2024 میں حاجیوں کی سہولت کیلئے بڑے فیصلے

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے حج 2024 میں حاجیوں کی سہولت کیلئے بڑے فیصلےکئے ہیں ،وزیرِ اعظم نے  نگران وزیرِ مذہبی امور انیق احمد اور سیکریٹری مذہبی امور کو اپنی نگرانی میں حج انتظامات کی پیشگی تیاری کی ہدایت کردی ۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے حج 2024 کیلئے پیشگی تیاریوں کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی ۔وزیرِ اعظم نے حج انتظامات کے جائزے کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے .وزیرِ اعظم نے وزارت مذہبی امور کو حج 2023 کے حوالے سے حجاج کی شکایات پر جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی  ۔وزیرِ اعظم نے وزارت مذہبی امور اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو باہمی اشتراک سے حجاج کی سہولیات اور شکایات کے اندراج کیلئے موبائل اپیلیکشن اور ویب سائٹ بنانے، نجی حج کمپنیوں کے حوالے سے شکایات پر رپورٹ پیش کرنے اور اس نظام کیلئے اصلاحاتی کمیٹی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔


وزیر اعظم نے کہا ہے کہ نجی کمپنیوں کی کڑی نگرانی کرکے یہ یقینی بنایا جائے کہ ان کے توسط سے جانے والے حاجیوں کوبھی کسی قسم کی مشکلات نہ پیش آئیں.وزیرِ اعظم نے کہا کہ حجاج کے لیے کیے جانے والے انتظامات پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے.اجلاس میں نگران وزیرِ مذہبی امور انیق احمد، سیکرٹری وزارت مذہبی امور اور متعلقہ اعلی حکام کہ شرکت کی اجلاس میں وزیرِ اعظم کو حج 2024 کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی. وزیرِ اعظم کی نگران وزیرِ مذہبی امور اور سیکریٹری مذہبی امور کو سعودیہ عرب کا دورہ کرنے، خود حج 2024 کی تیاری کی نگرانی کرنے اور مفصل رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی .