103

پٹرول اورڈیزل پرہوشربا ٹیکسوں کا انکشاف

اسلام آبا د۔قومی اسمبلی میں پیٹرول اورڈیزل پرہوشربا ٹیکسوں کا انکشاف کیا گیا ہے ،ڈیزل پرحکومت کی جانب سے صارفین سے 40 روپے 74 پیسے ٹیکس ، جبکہ پیٹرول پر 34 روپے 24 پیسے ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے ۔بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں رکن قومی اسمبلی نفیسہ خٹک کے سوال کے جواب میں وزارت پیٹرولیم نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 55 روپے 9 پیسے ہے جب کہ اِس وقت صارفین کیلیے ڈیزل کی قیمت 95 روپے 83 پیسے مقررہے۔

اس طرح فی لیٹرڈیزل پر حکومت صارفین سے 40 روپے 74 پیسے ٹیکسز وصول کررہی ہے یعنی ڈیزل کے ہرلیٹر پرعوام سے 74 فیصد ٹیکس وصول کیا جارہا ہے۔جواب میں مزید بتایا گیا کہ پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 50 روپے 27 پیسے فی لیٹرہے جب کہ صارفین کے لیے پیٹرول کی موجودہ قیمت 84 روپے 51 پیسے ہے۔ اس طرح ایک لیٹر پیٹرول پر حکومتی ٹیکسزکی شرح 34 روپے 24 پیسے ہے۔ یعنی پیٹرول کی مد میں بھی حکومت اس کی اصل قیمت پر 68 فیصد ٹیکس وصول کررہی ہے۔