93

کشتی حادثہ ٗ جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں پاکستان پہنچ گئیں

اسلام آباد۔ لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے 11 پاکستانیوں کی میتیں پاکستان پہنچ گئیں ،چند روز قبل بحیرہ روم کے ذریعے اٹلی جانے والی کشتی لیبیا کے ساحل پر الٹنے سے 90 افراد ڈوب گئے تھے جن میں 16 پاکستانی شہری بھی شامل تھے۔حادثے میں 13 پاکستانیوں کی لاشیں نکال لی گئی تھیں جب کہ 3 افراد کی لاشیں تاحال نہیں مل سکی ہیں۔

کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے 13 میں سے 11 افراد کی میتیں اسلام آباد پہنچا دی گئی ہیں جب کہ 2 افراد کی میتیوں کو دستاویزات مکمل ہونے کے بعد آئندہ چند روز میں پاکستان لایا جائے گا۔جاں بحق افراد کی میتیں جدہ سے ایس وی 722 کے ذریعے براستہ ریاض بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ لائی گئیں حکومت نے اس کے لیے خصوصی انتظامات کیے تھے تاکہ لاشوں کی جلد از جلد واپسی کو ممکن بنایا جائے جب میتیں ایئر پورٹ پہنچیں تو ان کے لواحقین بڑی تعداد میں بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پرموجود تھے میتیوں کو ان کے علاقوں کو روانہ کر دیا گیا۔

ان میں اکرام الحق، تنزیل الرحمن، عظمت بی بی، ولید اکرم، فرحان علی ،محمد قاسم بیگ، محمد عزیز، کاشف جمیل ،مرزا غلام فرید،مظہر حسین کی میتیں شامل ہیں۔یاد رہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں سے 8 کا تعلق گجرات، 4 کا منڈی بہا الدین، ایک کا راولپنڈی اور ایک کا سرگودھا سے ہے۔