123

ہمارا بیانیہ عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ہے ٗ نواز شریف

لاہور۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ انصاف کی کرسی پرموجود لوگوں کی اللہ کے حضور سب سے زیادہ پوچھ ہوگی، ووٹ کے تقدس کا پیغام ملک کے کونے کونے میں لے کر جائیں گے اور ہمارا بیانیہ عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ہے، ملک میں 70 سالوں میں ووٹ کا احترام نہیں رہا، ہم نے ووٹ کے تقدس کو بحال کرنا ہے، میرا پیغام عوام کے دلوں اور ذہنوں تک پہنچ گیا ہے، مخالفین کو صادق، امین اور ملکی خدمت کرنیوالے کو نا اہل کر دیا گیا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ لودھراں میں شاندار کامیابی پر اللہ کے شکر گزار ہیں۔

دل چاہتا ہے کہ لودھراں جاکر عوام کا شکریہ ادا کروں ، یہ اللہ کی رضا اور فیصلہ ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ لودھراں ضمنی انتخاب جیسا نتیجہ عوام نے دیا، ایسا کوئی سوچ سکتا تھا، مخالفین کو سوچنا چاہیے کہ انہوں نے گالی اور الزام تراشی کی سیاست کر کے لوگوں کو خراب کیا ہے۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ووٹ کا تقدس ہونا چاہیے، 20 کروڑ عوام کے مینڈیٹ کی توہین نہیں ہونی چاہیے جبکہ اس حوالے سے ہمارا بیانیہ عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ووٹ کا احترام نہیں رہا اسے بحال اور قائم کرنا ہے۔

ووٹ کا احترام ہوگا تو ملک آگے بڑھے گا، تمام طبقوں کو ووٹ کا احترام کرنا چاہیے۔نواز شریف نے کہا کہ ہم خلوص سے ملک کی خدمت کر رہے تھے لیکن بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نااہل اور جھوٹا قرار دے دیا گیا،ایک فیصلہ انسان کا اورایک اللہ کا فیصلہ ہوتا ہے، جولوگ انصاف کی کرسی پر بیٹھے لوگ اللہ کے حضور کیا جواب دیں گے اور انہیں سب سے زیادہ جوابدہ ہونا ہے۔گالم گلوچ اورالزام تلاشی کی سیاست کرنے والوں کو صادق اورامین قراردیا گیا اورہم جوعوام کی خدمت کررہے ہیں انہیں گھربھیج دیا گیا۔نوازشریف نے مزید کہا کہ مخالفین کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہ انہوں نے منافقت اورجھوٹ کی سیاست کی ہے، عمران خان نے سیاست کوخراب کیا اورگالم گلوچ کا کلچرمتعارف کروایا۔