26

خیبرپختونخوا کے 21 اضلاع کی خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے 21 اضلاع کے 65 ویلج اور نیبر ہوڈ کونسلوں کی خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے 21 اضلاع پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں، پولنگ کے لیے بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ بھی مکمل کرلی گئی ہے، متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفسران اور ریٹرننگ آفسران کے حوالے کر دی گئی۔

21 اضلاع جہاں انتخابات ہونے ہیں، ان میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مردان، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت ، ڈی آئی خان، ٹانک شامل ہے۔

اس کے علاوہ ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، دیر اپر، دیر لوئر اور باجوڑ بھی ان اضلاع میں شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صوبے میں ضمنی انتخابات کے لیے کل 256 پولنگ سٹیشن قائم ہیں، 102 مردانہ ، 89 زنانہ اور 65 مشترکہ پولنگ سٹیشن ہیں، 256 پولنگ اسٹیشنوں میں کل 798 پولنگ بوتھ قائم کیے ہیں۔

مجموعی طور پر 3 لاکھ 85 ہزار 835 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 2 لاکھ 8 ہزار 964 مرد جبکہ ایک لاکھ 76 ہزار 871 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 256 پولنگ اسٹیشنز میں 159 حساس ترین اور 84 حساس پولنگ اسٹیشنز ہیں، اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے جائیں گے۔