61

سعودی عرب کا پاکستان میں نُسُک ایپ کے آغاز کا فیصلہ

تقریب کے منتظمین نے بتایا کہ منصوبہ بندی، بکنگ اور تجربہ کیلئے نُسُک سعودی عرب کا پہلا باضابطہ پلیٹ فارم ہے جو مکہ، مدینہ اور اس سے باہر کیلئے حج یا عمرہ کے سفر کے پروگرام تیار کرتا ہے۔

ای ویزا کیلئے درخواست دینے سے لے کر ہوٹلوں اور پروازوں کی بکنگ تک دنیا بھر کے مسافر نُسُک کی مدد سے مملکت کے پورے دورے کو بآسانی منظم کرسکتے ہیں۔

اس پلیٹ فارم کا آغاز سعودی وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کریں گے جو اتوار سے وفد کے ہمراہ 4 روزہ دورے پر پاکستان میں ہیں۔ اس وفد میں حج و عمرہ، سیاحت اور بین الاقوامی تعاون کے نائب وزراء، سعودی ایئر لائنز کے صدر، سول ایوی ایشن کی جنرل اتھارٹی، اور سعودی ایوی ایشن کے نمائندے شامل ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق منتظمین کے مطابق پاکستان کی کاروباری برادری کے نمائندے اور حج و عمرہ ٹور آپریٹرز بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

ایپ کی لانچنگ کا اہتمام فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اہتمام کررہا ہے۔

مرکزی قائمہ کمیٹی برائے حج و عمرہ کے کنوینر فرقان عبدالقادر نے عرب میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ پلیٹ فارم سعودی ویژن 2030ء کا حصہ ہے جس کا مقصد سیاحت میں اضافہ کے ذریعے سعودی عرب کو دنیا کیلئے کھولنا ہے۔

عبدالقادر نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کے اجراء سے سیاحوں کو سعودی عرب کے کئی شہروں تک براہِ راست رسائی حاصل ہو جائے گی جس سے پاکستانیوں کیلئے مملکت کا سفر آسان ہو جائے گا۔