43

بشریٰ بی بی پولیس چوکی پر 30 منٹ روکے جانے کے بعد اٹک جیل روانہ

بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے اٹک جیل پہنچی تو انہیں پولیس نے ناکے پر روک لیا گیا، تاہم 30 منٹ کے بعد انہیں جیل جانے کی اجازت مل گئی۔

بشریٰ بی بی سمیت تمام وکلاء جیل کے ناکے پر کھڑے ہیں جب کہ پولیس نے صحافیوں کو بھی کوریج کرنے سے روک دیا۔

بشریٰ بی بی کو پولیس ناکے پر 30 منٹ تک روکا گیا اور ضابطے کی کارروائی کے بعد انہیں اٹک جیل کی طرف جانے کی اجازت مل گئی۔

دوسری جانب عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو تو عمران خان سے ملنے کی اجازت مل گئی ہے، لیکن لیگل ٹیم کو اگلے ہفتے کے لیے ملنے کا کہا جا رہا ہے، شاید آخری پریس کانفرنس کی وجہ سے۔

نعیم پنجوتھا کا کہنا تھا کہ لیگل ٹیم قانونی طور پر عمران خان سے مل سکتی ہے، کیونکہ اسے وکالت نامے اور کیسسز کے حوالے چیئرمین پی ٹی آئی سے ہدایت لینی ہے، تو یہ ہمارا حق ہے۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ آج بشریٰ بی بی اور چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم اٹک جیل میں عمران خان سے ملاقات کرے گی۔