38

الیکشن مقررہ وقت پر کرانے کی قرارداد سینیٹ سے منظور

سینیٹ نے عام انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کی قرارداد منظور کر لی ہے یہ قرارداد جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے پیش کی۔

 سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوا جس میں جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مشتاق احمد خان نے عام انتخابات آئین میں دیے گئے مقررہ وقت پر کرانے کی قرارداد پیش کی جس کو ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مقررہ وقت کے اندر انتخابات کا انعقاد لازم ہے جب کہ نگراں حکومت صرف عبوری مدت کیلیے روز مرہ کے فیصلے کر سکتی ہے۔

قرارداد میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ انتخابات کا مقررہ وقت پر انعقاد یقینی بنایا جائے کیونکہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا استحقاق نہیں بلکہ اس کا آئینی فریضہ ہے۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آئینی طریقہ کار کے مطابق الیکشن کمیشن انتخابات کا انعقاد کرے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آج قومی اسمبلی تحلیل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس کی سمری بھی انہیں موصول ہوگئی ہے جو وہ صدر مملکت کو بھیجیں گے۔

نگراں وزیراعظم پر مشاورت کے لیے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں آج ملاقات ہونا تھی جو ملتوی کر دی گئی ہے تاہم کئی نام اس اہم عہدے کے لیے گردش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اسمبلی مدت کی تکمیل سے چند دن قبل سی ای سی کا ساتویں مردم شماری کی منظوری دینے اور حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کے بعد الیکشن مقررہ وقت پر نہ ہونے اور نگراں سیٹ اپ طویل ہونے کی افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں جس کو خود حکومتی وزرا کے بیانات تقویت دے رہے ہیں۔