31

قومی اسمبلی کل 9 اگست کو تحلیل ہو جائے گی

اسلام آباد : قومی اسمبلی کل 9 اگست کو تحلیل ہو جائے گی ، وزیراعظم قومی اسمبلی کے الوداعی خطاب کے بعد تحلیل کی سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق 15 ویں قومی اسمبلی کل 9 اگست کوتحلیل ہو جائے گی ، قومی اسمبلی کے الوداعی اجلاس سے کل وزیراعظم خطاب بھی کریں گے۔

وزیراعظم پارلیمنٹ کے ایوان زیریں سے خطاب کے بعد پاکستان کی 15ویں قومی اسمبلی کی تحلیل کے لیے سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کریں گے۔

یاد رہے وزیر اعظم شہباز شریف نے اتوار کو قصور میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ قومی اسمبلی 9 اگست کو تحلیل ہو جائے گی۔

موجودہ قومی اسمبلی کی مکمل مدت 12 اگست کو ختم ہو جائے گی اور اگر وہ اپنی مقررہ مدت پوری کر لیتی ہے تو 60 دن میں انتخابات کرائے جائیں گے۔ تاہم آئین کہتا ہے کہ اگر اسمبلی اپنی مدت پوری ہونے سے پہلے تحلیل ہو جاتی ہے تو انتخابات 90 دنوں کے اندر کرائے جائیں۔

اگر 9 اگست (کل) کو ایوان زیریں کو تحلیل کرنے کی سمری پیش کی گئی تو یہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) پر 90 دنوں کے اندر انتخابات کرانے کا ذمہ دار ہوگا۔