256

کرپشن ثابت ہوئی تو سزا کیلئے تیار ہوں ٗ اسفندیارولی 

پشاور۔عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات غیر ریاستی عناصر کی وجہ سے خراب ہیں اور خطے میں امن کیلئے ملک کی خارجہ وداخلہ پالیسیاں نئے سرے سے تشکیل دینے کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر ہال پشاور میں ملگری وکیلان کے صوبائی کنونشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، اسفندیار ولی خان نے ملگری وکیلان کی ضلعی و صوبائی کابینہ کے ارکان سے حلف لیا اور انہیں مبارکباد پیش کی ، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ پر ہونے والا شور صرف نواز شریف پر آ کر تھم گیا ہے حالانکہ پانامہ پیپرز میں اور بھی کئی نام تھے ، انہوں نے کہا کہ احتساب سے کوئی بھی مستثنیٰ نہیں اور سب کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر مجھ پر ایک پیسہ کی کرپشن ثابت ہو جائے تو ہر قسم کی سزا کیلئے تیار ہوں ، اسفندیار ولی خان نے نقیب اللہ محسود کی شہادت کو پختونوں کے خلاف سازش قرار دیا اور کہا کہ راؤ انوار نے صرف نقیب اللہ کو نہیں سہراب گوٹھ میں سینکڑوں بے گناہوں کو شہید کیا ، انہوں نے ایک بار مطالبہ کیا کہ راؤ انوار کو گرفتار کیا جائے تو وہ اپنے سر پر ہاتھ رکھنے والوں کے نام بھی بتائے گا۔

سفندیار ولی خان نے فاٹا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بنائی گئی کمیٹی سفارشات کی منظوری میں ناکام رہی جو انتہائی افسوسناک ہے، انہوں نے کہا فوری طور پر فاٹا کو صوبے میں ضم کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ اس کے بعد بلوچستان کے پختونوں کیلئے کوششیں کریں گے اور پاکستان کے پختونوں کی ایک وحدت بنانے کیلئے تحریک چلائی جائے گی،