89

وزیراعظم کا عیسیٰ خیل میں گیس فراہمی منصوبے کا افتتاح

میانوالی۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سینکڑوں ارب روپے کے موٹروے کا منصوبہ جو عیسیٰ خیل سے ڈیرہ اسماعیل خان تک جاتا ہے علاقہ کی تقدیر بدل دے گا،علاقے میں سوئی گیس کا منصوبہ 230کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا ہے، عوام کے ضمیر خرید کر سینیٹر بننے والا عوام کی نمائندگی نہیں کر سکتا، خیبرپختونخوا حکومت کو ہم نے ان کی ڈیمانڈ پر 100ملین کیوبک فٹ گیس بجلی کا کارخانہ لگانے کیلئے فراہم کی مگر چار سال گزرنے کے باوجود یہ منصوبہ شروع نہ کیا جا سکا،میں علاقے کیلئے میڈیکل کالج کا اعلان کرتا ہوں۔

وہ ہفتہ کو میانوالی کے علاقہ عیسیٰ خیل میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عیسیٰ خیل آمد پر بے حد خوشی ہے، یہاں سوئی گیس کا منصوبہ 230کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا ہے، یہ پنجاب کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، یہ میاں نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی محنت کا نتیجہ ہے، یہ آپ کی ہم سے محبت کے اثرات ہیں، سینکڑوں ارب روپے کے موٹروے کا منصوبہ جو عیسیٰ خیل سے ڈیرہ اسماعیل خان تک جاتا ہے علاقہ کی تقدیر بدل دے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت مزاحمت کے باوجود کام کرتی رہی، جولائی 2018کے بعد ہم انشاء اللہ دوبارہ حکومت میں آئیں گے، شہباز شریف کی کارکردگی کا اعتراف دیگر صوبے کے عوام بھی کررہے ہیں، یہ ثمرات جمہوریت کے مرہون منت ہیں، مسلم لیگ (ن) شائستگی کی سیاست کرتی ہے، ضمیر فروشی کی سیاست ملکی مفاد میں نہیں، عوام کے ضمیر خرید کر سینیٹر بننے والا عوام کی نمائندگی نہیں کر سکتا، یہ سیاست عوام کے دباؤ سے بہتر ہو گی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایگری ٹیک کو نواز شریف نے مہربانی کرتے ہوئے بحال کیا، اگلے ماہ ایگری ٹیک کو گیس ملے گی۔

ہماری حکومت جب آئی تو سالانہ 10لاکھ ٹن کھاد درآمد کی جاتی تھی جبکہ اب ہم نے 6لاکھ ٹن کھاد ہم نے برآمد کی، خیبرپختونخوا کی حکومت نے بجلی کے کارخانہ لگانے کیلئے ہم سے گیس مانگی، ہم نے 100ملین کیوبک فٹ گیس خیبرپختونخوا حکومت کو دی، جس سے کئی ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوتی ہے، آج 4سال گزرنے کے باوجود کے پی کے میں ایک بجلی کا منصوبہ شروع نہ کیا جا سکا، دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے درآمدی گیس سے 3600میگاواٹ کا بجلی کا کارخانہ لگ چکا ہے اور بجلی بن رہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ میں نے کے پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو خط لکھا کہ آپ کو 100ملین کیوبک فٹ گیس کی فراہمی کے باوجود بجلی پیدا نہیں کر رہے جبکہ دوسری جانب ایگری ٹیک کو 28ملین کیوبک فٹ گیس چاہیے، جب تک آپ کا بجلی کا کارخانہ نہیں لگتا یہ گیس آپ ایگری ٹیک کو دے دیں،مجھے 4سال سے خط کا جواب نہیں آیا، مجھے نیب میں گھسیٹے جانے اور عدالت میں رگیدنے کی دھمکی دی گئی، یہ گیس مزدوروں کا حق ہے، کے پی کے حکومت اگر آج خط لکھ دے کہ جب تک ہمارا منصوبہ نہیں لگتا تب تک یہ گیس ایگری ٹیک کو دے دی جائے۔

ایگری ٹیک کو گیس ہر قیمت پر ملے گی چاہے کے پی کے حکومت خط لکھے یا نہ لکھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ موٹرے کا انٹرچینج ضرور بنے گا، یہ علاقے کی ضرورت ہے، انشاء اللہ آپ کو میڈیکل بھی دیا جائے گا، یہ ہماری حکومت کی پالیسی ہے کہ جس علاقے سے گیس نکلتی ہے اس کے 5کلو میٹر کے علاقہ میں آبادیوں کو فوری گیس فراہم کی جائے گی، موٹروے میانوالی اور عیسیٰ خیل کی تاریخ کو بدل دے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت انڈسٹریل زون بنا رہی ہے، اس کے اہل علاقہ کو روزگار ملے گا اور کاروبار کے مواقعے پیدا ہوں گے، پانی کی اسکیموں کے اہل کاروں کی تنخواہوں کے معاملے کو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مشاورت کر کے حل کرانے کی کوشش کروں گا، جمہوریت کا سفر پاکستان کی ترقی کا سفر ہے، جمہوریت اور پاکستان کی ترقی ایک دوسرے سے منسلک ہیں، امید ہے عبیداللہ شادی خیل اور نواز شریف آئندہ انتخابات میں آپ کے ووٹ کا حق دار ہو گا۔ وزیراعظم کے خطاب کے دوران عوامی اجتماع کی جانب سے وزیراعظم زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔