127

ایم کیو ایم آج بھی ایک ہے اور آئندہ بھی ایک رہے گی، فاروق ستار

متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کل بھی ایک تھی، آج بھی ایک ہے اور آئندہ بھی ایک رہے گی۔

سینیٹ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین شادیانے بجا رہے تھے لیکن ایم کیو ایم پاکستان کے امیدواروں نے ایک ہی پنڈال میں فارم بھرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے 15 امیدواروں نے سینیٹ الیکشن کے لیے فارم جمع کرائے۔

ایک سوال کے سوال میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اختلافات ہوتے ہیں لیکن معاملات میڈیا پر آنے کے بعد بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بظاہر ہم نے علیحدہ علیحدہ کاغذات نامزدگی جمع کرائے لیکن ہم نے آپس میں طے کر کے فارم جمع کرائے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے اور ہم نے نہ کل کسی سے ڈکٹیشن لی، نہ آج لے رہے ہیں اور نہ مستقبل میں ڈکٹیشن لیں گے۔