27

حکومت کا چیف جسٹس کیخلاف ریفرنس لانے کا اصولی فیصلہ

ذرائع کے مطابق حکومت نے چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس لانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ ریفرنس کو حتمی شکل دینے کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق کمیٹی میں مختلف جماعتوں کے ارکان شامل ہوں گے۔ کمیٹی کی تشکیل کا اختیار اسپیکر قومی اسمبلی کو دیا جائے گا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کی تحریک آج ہی قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق مختلف جماعتوں کے ارکان کمیٹی کے اختیارات سے متعلق مسودہ تیار کر رہے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر احسن اقبال نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس بھجوانے کی تجویز دیدی۔ اپنے بیان میں انہوں ںے کہا کہ اب پھر چیف جسٹس صاحب تمام عدالتوں میں لاگو کریں کہ وہ ملزم کو دیکھ کر آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی کے جملے کہیں۔ اب تمام ججز بھی مجرموں کو wish You Good Luck کہیں کیوں کہ خود چیف جسٹس نے معیار قائم کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ 60 ارب روپے کا کرپشن کا واضح کیس ہے، آنکھیں بند کرکے ٹمبکٹو عدالت بھی اسے کرپٹ قرار دے گی۔ افسوس چیف جسٹس کو یہ کرپشن نظر نہیں آئی۔