43

وزیراعظم کا شرپسندوں کو 72 گھنٹے میں گرفتار کرنے کا الٹی میٹم

وزیراعظم شہباز شریف نے شرپسندوں کو 72 گھنٹے میں گرفتار کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔ کہا کہ عمران خان اور ان کا جتھا پاکستان دشمنوں سے کم نہیں، شہداء اور غازیوں کی بے حرمتی کی گئی، اپنے وطن میں اپنوں نے دشمن بن کر حملے کئے، ذمہ داروں کو چُن چُن کر انجام تک پہنچائیں گے، تمام مقدمات اے ٹی سی میں چلائے جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے جناح ہاؤس لاہور پر حملے پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس المناک واقعہ کے بعد قوم غمگین ہے، اس طرح کا کام کوئی پاکستانی سوچ بھی نہیں سکتا، جن لوگوں نے اس بدترین حرکت میں حصہ لیا آئین میں جو سزا ہے ہر صورت دی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ جنہوں نے مںصوبہ بندی کی ڈنڈے، لاٹھیاں لوگوں کے حوالے کئے، قانون ان کو گرفت میں لے گا، قانون میں درج سزائیں ان لوگوں کو ملیں گی تاکہ مثال بن جائے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ دلخراش منظر ملکی تاریخی میں کسی نے نہ سوچا تھا نہ دیکھا تھا، اپنے لوگوں نے دشمن بن کر ملک کی تنصیبات پر حملہ کیا۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے معاملات پر آج اسلام آباد میں میٹنگ کی تھی اور ہدایات جاری کیں، جنہوں نے منصوبہ بندی کی اور جو حملہ آور ہوئے انہیں چن چن کر پکڑا جائے، ملزمان کیخلاف انسداد دہشتگردی کے مقدمات اے ٹی سی میں چلائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہدایات جاری کی ہے کہ انسداد دہشتگردی کی عدالتوں کی تعداد بڑھائی جائیں، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو کہا ہے کہ خانہ پوری منظور نہیں، ملوث لوگوں کو گرفتار کیا جائے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے غازیوں اور شہیدوں کیخلاف عمران نیازی اور جتھہ حملہ آور ہوا، اپنے وطن میں اپنوں نے دشمن بن کر حملے کئے، جناح ہاؤس کی حالت دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، کاش ہمیں 9مئی کا دن نہ دیکھنا پڑتا۔

وزیراعظم کا جناح ہاؤس کا دورہ

وزیر اعظم شہباز شریف نے ہفتہ کو لاہور میں جناح ہاؤس، سی ایم ایچ اور سروسز اسپتال کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی تھے۔

وزیراعظم نے سروسز اسپتال میں زیر علاج ڈی آئی جی علی ناصر رضوی سمیت دیگر پولیس افسران و زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور انتظامیہ کو زخمی افراد کے علاج معالجہ کیلئے بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی علی ناصر رضوی پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراو سے زخمی ہوئے تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی شدید مذمت کرتے ہو ئے کہا کہ پی ٹی آئی نے احتجاج کی آڑ میں دہشت گردی کی، یہ دہشت گردی اور ملک دشمنی ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا، اسے آئینی اور جمہوری احتجاج نہیں کہا جاسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوائیوں اور سہولت کاروں کیخلاف کارروائیوں میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، ہر حملہ آور کی شناخت کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ کر کے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ وزیراعظم نے شہداء اور غازیوں کی یاد گاروں، حساس اداروں، عمارات اور جناح ہاؤس کی بے حرمتی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔