320

ایل او سی پر بھارت کی پھر فائرنگ ٗ 2شہری جاں بحق

مظفر آباد ۔لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی شیلنگ سے آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے دو شہری جاں بحق ہوگئے۔آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی انتظامیہ کے حکام نے نجی ٹی وی کو واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی شیلنگ سے زخمی ہونے والے دونوں افراد ہسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

ڈپٹی کمشنر پونچ راجہ طاہر ممتاز نے بتایا کہ ایک روز قبل وادی کشمیر کے علاقے بٹل اور اس کے گردو نواح میں بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے 33 سالہ ماجد، 65 سالہ کبیر، 45 سالہ اورنگزیب اور 22 سالہ خرم زخمی ہوئے تھے۔ان کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال حاجرہ میں طبی امداد دی گئی بعد ازاں انہیں شیخ خلیفہ بن زید النہیان ہسپتال راولہ کوٹ منتقل کردیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کبیر اور اورنگزیب ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئے تھے۔علاوہ ازیں نکیال کے اسسٹنٹ کمشنر ولید انور کے مطابق ضلع کوٹلی کے گاؤں دھاروتی ناری اور تارکنڈی میں 12 سالہ علیزا اشتیاق اور 30 سالہ شاہد محمود زخمی ہوئے تھے۔