142

زینب قتل کیس میں اہم پیشرفت

لاہور ۔ زینب قتل کیس میں اہم پیشرفت، مرکزی ملزم عمران کو مزید 7 بچیوں سے زیادتی اور قتل کیسز میں نامزد کر دیا گیا، پولیس نے ملزم عمران کا انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت سے 3 روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا۔

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے ایڈمن جج سجاد احمد نے کیس کی سماعت کی۔ ملزم عمران کو سخت سکیورٹی میں انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا ڈی این اے 7دوسرے کیسز سے بھی میچ ہو گیا ہے، ملزم عمران نے زینب سمیت 8بچیوں کو اغواء کر کے قتل کیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم عمران بچیوں کو چیز دینے کے بہانے اغوا کرتا تھا، ملزم سے مزید تفتیش کرنا چاہتے ہیں۔

لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کو 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے۔عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد آٹھ بچیوں کے قتل میں ملوث ملزم کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔