40

الخدمت کراچی کے تحت یتیم بچوں کی عید شاپنگ، یونس خان کی شرکت

  کراچی: الخدمت کراچی آرفن کیئر پروگرام کے تحت 1700 یتیم بچوں کی عید شاپنگ کا اہتمام کیا گیا، جس میں حافظ نعیم الرحمن اور یونس خان نے بھی شرکت کی۔ بچوں کو نجی مال میں عید الفطر کی مناسبت سے شاپنگ کروائی گئی۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ اس شاپنگ سینٹر میں الخدمت نے منفرد آئیڈیا پیش کیا ہے۔ الخدمت پورے پاکستان میں 22 ہزار بچوں کی کفایت یتامیٰ پروگرام کےتحت ان کی کفالت کرتی ہے۔ اس میں بچوں کی ماہانہ مدد بھی کی جاتی ہے۔ تربیت کے لیے ماہانہ کورسز ہوتے ہیں،مکمل تربیتی پیکیج ہوتا ہے کہ بچہ باعزت شہری بنے اور اس کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر کراچی میں 1700 بچوں کو کوپنز دے دیے گئے ہیں۔ یہ بچے اپنی مرضی سے شاپنگ کرتے ہیں۔ اس کی رسید الخدمت کی طرف چلی جاتی ہے۔ یہ احساس بچوں کو ہوتا ہے کہ مڈل کلاس اور اپر مڈل کلاس بچوں کو رینج دے کر موقع فراہم کیا جائے۔ یہ زبردست کوشش ہے۔ والنٹیئرز بھی موجود ہیں۔یہ الخدمت کے 7، 8 پروگراموں میں سے ایک منفرد پراجیکٹ یہ ہے۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ پچھلے سال 1200 بچے تھے، اس سال 1700 بچوں کو شاپنگ کروا رہے ہیں۔ مال کی طرف سے بھی خصوصی رعایت دی گئی ہے۔ ان بچوں کو میڈیکل چیک اپ کی سہولت میسر ہے۔

کرکٹر یونس خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید کی آمد آمد ہے، دوسرا عشرہ شروع ہوگیا ہے۔ یہ آئیڈیا منفرد ہے، بہت خوشی ہورہی ہے۔ یہ گائیڈنس بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام دیکھ کر میں بہت اچھا محسوس کررہا ہوں۔ بچوں کو احساس محرومی نہیں ہے اور وہ آزادی سے شاپنگ کررہے ہیں۔