128

ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر قومی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے 

لاہور۔ملک بھر سمیت آزاد کشمیر میں آج پانچ فروری بروز پیر یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش سے منایا جائیگا اور آج ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی اور ملک بھر سمیت صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز منعقد کئے جائیں گے جبکہ کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی جائیں گی اور مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ہے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائیگی۔

ملک بھر سمیت صوبائی دارالحکومت لاہور کی اہم شاہراہوں پرکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے فلیکسز اور بینرز آویزاں کر دئیے گئے ہیں جن پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کااظہار کیا گیا ہے اور عالمی اداروں سے مسئلہ کشمیر حل کرانے کا مطالبہ کیاگیا ہے جبکہ شہر کے مختلف مقامات پریوم کشمیر کے موقع پرمختلف کیمپ بھی لگادئیے گئے ہیں جن پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ترانے بجائے جائیں گے جبکہ کشمیری عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کیلئے پنجاب اسمبلی کا خصوصی اجلاس آج بروز پیر منعقد کیا جائے گا جس میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کی جائے گی ۔

کشمیری ثقافت اورروایات کو فروغ دینے کیلئے ثقافتی پروگرام اور فیسٹول بھی منعقد کئے جائینگے دیگر کشمیری عوام کے خلاف بھارتی فوج کی ظلم وبربریت بے نقاب کرنے کیلئے تصاویری نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بھی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی نکالی جائے گی اور بعد ازاں بڑی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا ۔

جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام صوبائی دارالحکومت لاہور کے تاریخی موچی گیٹ میں جلسے کا انعقاد کیا جائیگا جس سے سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور پارٹی کے دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے آج کے دن کی مناسبت سے مختلف ٹی وی چینلز اورریڈیوپاکستان کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کرنے کیلئے خصوصی پروگرام نشر کریں گے جبکہ اخبارات میں خصوصی ایڈیشن شائع کئے جائیں گے۔