154

افغانستان میں بم دھماکے سے 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

افغانستان کے شہرمزارشریف میں صحافیوں کی ایک تقریب کے دوران ہونیوالے بم دھماکے میں8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز افغانستان کے صوبے بلخ کے ضلع مزار شریف میں ثقافتی مرکز میں صحافیوں کی ایک تقریب کے دوران بم دھماکے کے نتیجے میں صحافیوں سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق افغانستان کی طالبان انتظامیہ نے بتایا کہ دھماکہ صبح 11 بجکر 30 منٹ پر بارودی سرنگ پھٹنے سے ہوا، زخمیوں میں پانچ صحافی اور تین بچے شامل ہیں جبکہ ایک سکیورٹی گارڈ بھی مارا گیا، فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس حملے میں کون سا دہشت گرد گروپ ملوث ہے۔

یادرہے کہ جمعرات کو بلخ میں ہی صوبائی گورنر مولوی محمد داؤد مزمل کو دو ساتھیوں سمیت ان کے دفتر میں قتل کردیا گیا تھا، طالبان پہلے ہی اس واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔طالبان ترجمان حاجی زید کا کہنا ہے کہ جب تک سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ بلخ کے لیے نئے گورنر کا تقرر نہیں کرتے تب تک صوبہ قندھار کے گورنرعارضی طور پر بلخ کو چلائیں گے۔