40

ترکیہ اور شام میں زلزلے میں 1000 سے زائد افراد جاں بحق ، سیکڑوں زخمی

ترکیہ اور شام میں زلزلے سے 1000 سے زائد افراد جاں بحق جب کہ سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پیر کی صبح ترکیہ کے مشرقی علاقے میں زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 17 منٹ پر آیا۔

امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.8 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز ترکیہ کا سرحدی شہر کرامن مراس تھا اور اس کی گہرائی تقریباً 14 کلومیٹر تھی۔

زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کے اثرات لبنان، اسرائیل، قبرص، یونان اور آرمینیا میں بھی محسوس کئے گئے لیکن سب سے زیادہ جانی اور مالی نقصان ترکیہ اور شام میں ہوا ہے۔

ترکیہ کی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ ایجنسی نے ملک کے 7 صوبوں میں عمارتیں گرنے کے واقعات میں 920 افراد کی ہلاکت اور 440 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے، اس کے علاوہ عمارتوں کے ملبے میں بھی سیکڑوں افراد دبے ہوئے ، جنہیں نکالنے کے لئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

شام کی وزارت صحت کے مطابق صوبہ الیپو، لطاکیہ، حما اور ترتُس میں اب تک 386 افراد ہلاک جب کہ 639 زخمی ہیں۔

دوسری جانب متاثرہ علاقے میں آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے، جن میں سے ایک کی شدت تو 6.7 بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔