82

کوئی طالبعلم فیس کی وجہ سے داخلے سے محروم نہیں رہے گا،وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ جامعہ این ای ڈی میں میرٹ پر داخلہ ملنے کے بعد فیس نہ ہونے کے باعث اب کوئی طالب علم تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔

جامعہ این ای ڈی میں 105 ضرورت مند طالب علموں میں (ماں جی اسکالر شپس پروگرام) کے تحت اسکالر شپس تقسیم کرنے کے تقریب سے خطاب میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پروگرام کے بانی آفتاب رضوی نے ایک بیج بویا جو ساڑھے 7 کروڑ اکٹھا کرکے، ایک تناور درخت بن چکا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کہنا تھا کہ سندھ حکومت تعلیم دوستی کی ذمے داری کو نبھاتی رہے گی۔ فیسوں کی مد میں 28 فیصد طالب علم ادا کرتے ہیں، جب کہ 72فی صد جامعہ خود ادا کرتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ماں جی اسکالر شپس کے ذریعے این ای ڈی میں میرٹ پر داخلہ ملنے پر اب کو ئی طالب علم تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، یہ قابل تحسین عزم ہے۔ اس موقعے پر انھوں نے 20 ملین کی گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ماں جی اینڈومنٹ فنڈ کے روح رواں آفتاب رضوی تھے جبکہ صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان کے چیئرمین سہیل بشیر کا کہنا تھا کہ آج 105 کو اسکالر شپس دی ہیں، آئندہ ایک ہزار طالب علموں کو اسکالر شپ دینے کا ارادہ ہے۔

اینڈومنٹ فنڈ سے متعلقہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی کا کہنا تھا کہ وفاقی، صوبائی حکومتوں سمیت این ای ڈی المنائی کا ممنون ہوں۔